ویب ڈیسک: نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کے دبئی ایڈوانٹیج پر بات کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے اپنے تمام میچز دبئی میں کھیلے ہیں اور اسے دبئی کی پچز اور کنڈیشنز کا بخوبی علم ہے۔
تفصیلات کے مطابق، پاکستان سے دبئی پہنچنے پر نیوزی لینڈ کے کپتان نے دبئی کی پچز اور اس کی کنڈیشنز پر اظہار خیال کیا۔ مچل سینٹنر نے کہا کہ دبئی کی پچز سے آپ کو یہ سمجھ آتا ہے کہ آپ کو کس طرح کھیلنا ہے، اور یہ پچ لاہور کے مقابلے میں تھوڑی سلو ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایک اچھی ٹیم کے خلاف کھیلنے جا رہے ہیں اور امید ہے کہ ہم پہلے کے مقابلے میں زیادہ رنز کریں گے۔مچل سینٹنر نے مزید کہا کہ ہم ابھی حال ہی میں رنز کر کے آئے ہیں اور امید ہے کہ یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس ٹورنامنٹ میں ٹیموں کا آنا جانا زیادہ رہا ہے، جو کہ چیلنج کا حصہ ہے۔ نیوزی لینڈ نے پاکستان اور دبئی میں کھیلا ہے، اور ان دنوں کھلاڑی صورتحال کو بہتر طریقے سے سمجھتے ہیں۔نیوزی لینڈ کے کپتان نے یہ بھی کہا کہ جب تک آپ میچ کے لیے تیار ہوں، سب کچھ اچھا رہتا ہے۔
لاہور میں سیمی فائنل میں جنوبی افریقا کے خلاف اچھا مقابلہ رہا اور کھلاڑیوں نے مضبوط ٹیم کے خلاف ناک آؤٹ مرحلے میں بہترین پرفارمنس دی۔انہوں نے مزید کہا کہ فائنل کا میچ ہمیشہ مختلف ہوتا ہے، اور کھلاڑیوں کو اس بات کا علم ہوتا ہے۔ بھارت کے خلاف گروپ میچ کے مقابلے میں ہم زیادہ اچھا کرنے کی کوشش کریں گے۔واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے اپنا آخری گروپ میچ بھارت کے خلاف دبئی میں کھیلا تھا اور اب وہ لاہور میں سیمی فائنل کھیلنے کے بعد گزشتہ روز دبئی پہنچی ہے، جہاں اتوار کو بھارت کے خلاف فائنل کھیلے گی۔