گندم کا ریٹ 4200 روپے من ہوگا، سستی نہیں دیں گے:کسان اتحاد

حکومت نے گندم کا اچھا ریٹ نہیں دیا تو عید کے بعد احتجاج کے لئے نکلیں گے ،گندم کرپشن میں کسی کو بھی نہیں پکڑا گیا
  شوگر مافیا نے چینی ایکسپورٹ کی اور آج چینی 170 روپے کلو میں فروخت ہو رہی ہے:چیئرمین کسان اتحاد خالد حسین باٹھ 
اسلام آباد(آئی این پی ) کسان اتحاد نے سستی گندم دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے  گندم کا ریٹ 4200 روپے من ہوگا۔چیئرمین کسان اتحاد خالد حسین باٹھ نے ایک پریس کانفرنس میں کہا گندم کا ریٹ کسان خود طے کریں گے، اور ریٹ 4200 روپے من ہوگا، حکومت کھاد اور بجلی سستی دے تو ہی گندم سستی دے سکتے ہیں۔انھوں نے کہا کسان کو صرف ریٹ اچھا چاہیے، حکومت نے گندم کا اچھا ریٹ نہیں دیا تو عید کے بعد احتجاج کے لیے نکلیں گے۔ خالد حسین باٹھ کا کہنا تھا کہ کسانوں کو 50،50 لاکھ روپے کے بجلی کے بل بھیجے گئے ہیں، اور کسانوں کے گھروں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔چیئرمین کسان اتحاد نے خبردار کیا کہ اگلے سال 50 فی صد سے بھی کم گندم کاشت ہوگی، اور پیداوار 25 سے 30 فی صد کم ہوگی، کسانوں کے پاس احتجاج کے علاوہ کوئی راستہ نہیں بچا ہے۔  شوگر مافیا نے چینی ایکسپورٹ کی اور آج چینی 170 روپے کلو میں فروخت ہو رہی ہے۔