چینی پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی عائد کرنے کی تجویز زیر غور

فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی نافذ کرنے سے چینی کی قیمت میں 5 سے 10 روپے کلو اضافہ ہو سکتا ہے
لاہور(رپورٹ:شہزاد راجپوت)مہنگائی میں روز نروز اضافہ عوام کے مسائل میں اضافہ کرتا جارہا ہے۔غریب کو دو وقت کی روٹی میسر آنا مشکل ہوتی جا رہی ہے ۔اس میں کمی کرنے کی بجائے سرکار نے چینی پر بھی فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی عائد کرنے کی تجویز پر غور شروع کر دیا ہے۔ جس کے نتیجے میں چینی کی قیمتوں میں نمایاں اضافے کا امکان ہے۔ یہ اقدام آئندہ بجٹ یا مالیاتی پالیسی کے تحت متوقع ہے۔ جس کا مقصد حکومتی ریونیو میں اضافہ اور ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنا بتایا جا رہا ہے۔ذرائع کے مطابق اگر چینی پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی نافذ کی جاتی ہے تو اس سے چینی کی قیمت میں فی کلو 5 سے 10 روپے تک اضافہ ہو سکتا ہے۔ اس سے نہ صرف عام صارفین بلکہ بیکری، مشروبات، اور کنفیکشنری جیسے چینی پر انحصار کرنے والے شعبے بھی متاثر ہوں گے۔چینی پہلے ہی عام صارفین کے لیے مہنگی ہو چکی ہے اور اس تجویز کے نتیجے میں مزید مہنگائی کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ اس وقت مقامی مارکیٹ میں چینی کی قیمت 140 سے 160 روپے فی کلو کے درمیان ہے اور نئے ٹیکسز کے بعد یہ قیمت مزید بڑھ سکتی ہے۔حکومت کا مؤقف ہے کہ اس اقدام سے ٹیکس نیٹ میں اضافہ ہوگا اور سمگلنگ و غیر قانونی اسٹاکنگ پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔