پاکستان، کرغزستان تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

پاکستان، کرغزستان تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان اور کرغزستان کے درمیان تاریخی، دوستانہ اور برادرانہ تعلقات قائم ہیں، جنہیں تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور دیگر شعبوں میں تعاون کے فروغ کے ذریعے مزید مضبوط بنایا جائے گا۔

کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں صدر سادیر جیاپاروف کے ساتھ وفود کی سطح پر مذاکرات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر آصف علی زرداری نے کرغز حکومت کی جانب سے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے بے شمار مواقع موجود ہیں اور ان سے بھرپور استفادہ کرنے کی ضرورت ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور کرغزستان تجارت، سرمایہ کاری، صنعت، زراعت، توانائی، تعلیم، سیاحت اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعلقات کو مزید وسعت دینے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والے فیصلے باہمی تعلقات کو نئی جہت فراہم کریں گے۔آصف علی زرداری نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن، استحکام اور اقتصادی خوشحالی کے لیے مشترکہ تعاون ناگزیر ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ علاقائی روابط، تجارتی راہداریوں اور مشترکہ ترقیاتی منصوبوں سے نہ صرف دونوں ممالک بلکہ پورے خطے کو فائدہ پہنچ سکتا ہے۔اس موقع پر کرغزستان کے صدر سادیر جیاپاروف نے کہا کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ روابط کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ توانائی کے شعبے میں تعاون، خصوصاً کاسا-1000 منصوبے پر مؤثر عملدرآمد دونوں ممالک کی ترجیحات میں شامل ہے۔ اس کے علاوہ معدنیات، زراعت، ٹیکسٹائل، حلال صنعت، صحت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، سیاحت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔کرغز صدر نے مزید کہا کہ دونوں ممالک نوجوانوں کے درمیان روابط، تعلیمی تبادلوں اور عوامی سطح پر تعلقات کو فروغ دینے کے لیے بھی مشترکہ اقدامات کریں گے تاکہ باہمی اعتماد اور شراکت داری مزید مستحکم ہو۔اس سے قبل صدر آصف علی زرداری کی آمد پر صدارتی محل میں باضابطہ استقبالیہ تقریب منعقد ہوئی، جہاں کرغزستان کے صدر سادیر جیاپاروف نے ان کا استقبال کیا۔ تقریب میں دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے جبکہ کرغز مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے صدر مملکت کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ دونوں ممالک نے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔