ضلع رحیم یارخان میں مبینہ طور پر نوبیاہتا دلہن شادی کے کچھ ہی عرصے بعد گھر سے طلائی زیورات، نقدی اور قیمتی ملبوسات لے کر فرار ہوگئی، جس کے بعد متاثرہ خاندان نے پولیس سے رجوع کر لیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ دلہے کے گھر میں پیش آیا، جہاں اہل خانہ نے الزام عائد کیا کہ دلہن اچانک گھر سے نکل گئی اور جاتے ہوئے طلائی زیورات، نقد رقم اور دیگر قیمتی سامان بھی اپنے ساتھ لے گئی۔واقعے پر دلہے کی والدہ کی مدعیت میں تھانہ تبسم شہید میں چوری اور فراڈ کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ پولیس نے قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ اس نوعیت کے واقعات کی پہلے بھی شکایات موصول ہو چکی ہیں، جن میں متوسط طبقے کے سادہ لوح افراد کو شادی کے نام پر دھوکہ دے کر مالی نقصان پہنچایا جاتا ہے۔
حکام کے مطابق مقدمے میں نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ اصل حقائق سامنے لائے جا سکیں۔پولیس نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ شادی کے معاملات طے کرتے وقت مکمل تصدیق اور احتیاط سے کام لیں تاکہ اس قسم کی مبینہ دھوکہ دہی سے بچا جا سکے۔