لاہور(کرائم رپورٹر)کوٹ لکھپت جیل میں قید پاکستان تحریک انصاف کے رہنمائوں نے اپنے وکیل کے ذریعے مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کی صحت پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔مشترکہ بیان شاہ محمود قریشی، ڈاکٹر یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ، میاں محمود الرشید اور اعجاز چوہدری کی جانب سے جاری کیا گیا۔مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت کے حوالے سے شدید تشویش پائی جاتی ہے، جبکہ ان کی آنکھ کی تکلیف اور قیدِ تنہائی کی صورتحال بھی باعثِ فکر ہے۔پی ٹی آئی کے اسیر رہنمائوں نے کہا کہ پارٹی قیادت اور بانی پی ٹی آئی کے اہل خانہ کو ان سے ملاقات کا کوئی بھی موقع ضائع نہیں کرنا چاہیے۔مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے جس شخص کا بھی نام سامنے آئے، تمام متعلقہ افراد کو اس کی حمایت کرنی چاہیے تاکہ ان کی خیریت سے آگاہی حاصل کی جا سکے۔