نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں جدید ٹرومین 3بائولنگ مشین نصب،کھلاڑیوں کومیچ جیسی پریکٹس ملے گی

 ٹرو مین 3جدید ترین ٹیکنالوجی ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ یہ مشین استعمال کرنے والا پہلا کرکٹ بورڈ ہے:عاقب جاوید
لاہور(سپورٹس ڈیسک )پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی )نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں جدید ٹرو مین 3 بولنگ مشین نصب کر دی۔پی سی بی کے اعلامیہ کے مطابق جدید بولنگ مشین کھلاڑیوں کو میچ جیسی پریکٹس فراہم کرے گی، بائولنگ مشین کے ذریعے بیٹرز جدید انداز میں اپنی تیاری کر سکیں گے۔جدید مشین کے فرنٹ اسکرین پر بولر کی ہائی کنٹراسٹ ایل ای ڈی اینیمیشن دکھائی دیتی ہے، بیٹرز کو بولر کے ایکشن، ریلیز پوائنٹ اور ٹائمنگ کو سمجھنے میں مدد ملے گی، مشین میں لائن، لینتھ، سپیڈ، سوئنگ اور ہائٹ کو ایڈجسٹ کیا جا سکتا ہے۔پی سی بی کے مطابق کوچز اور کھلاڑی انفرادی گیندیں، اوورز اور سپیلز بھی محفوظ کر سکتے ہیں، محفوظ کیے گئے اوورز اور سپیلز کو میچ جیسی صورتحال بنانے کے لئے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ ٹرو مین 3 جدید ترین ٹیکنالوجی ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ یہ مشین استعمال کرنے والا پہلا کرکٹ بورڈ ہے۔