لاہور (آئی این پی )مسلم لیگ ن خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے اسمبلیاں جیسی بھی ہوں، اختلاف یا اتفاق رائے کے لیے بنتی ہیں نہ کہ مار دھاڑ یا ہنگامہ آرائی کے لیے۔پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن اراکین کی رکنیت معطلی کے معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے سعد رفیق نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں پیدا ہونے والا حالیہ مسئلہ اسمبلی کے اندر ہی حل ہونا چاہیے اور اس کے لیے تمام جماعتوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ رکنیت کی معطلی اسپیکر کا آئینی اختیار ہے، مگر اراکین کی مستقل رکنیت ختم کروانے کی کوئی کوشش نہ کی جائے۔خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ اگر اراکین اسمبلی کو اس طریقے سے باہر نکالنے کی روایت پڑی تو آنے والی اسمبلیاں بھی اسی راستے سے گزریں گی۔ پھر کل کو مسلم لیگ (ن) سمیت تمام جماعتیں اسی بہشتی دروازے سے نکالی جائیں گی۔