ویب ڈیسک: صدر مملکت آصف علی زرداری نے ایک بار پھر لاہور میں قیام کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے تحت گورنر ہاؤس لاہور میں ان کی رہائش کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق صدر مملکت کے قیام کے دوران نہ صرف ان کی رہائشی سہولتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے انتظامات کیے گئے ہیں بلکہ ان کی سیکیورٹی، پروٹوکول اور دیگر عملے کی رہائش کا بھی بندوبست کر دیا گیا ہے۔صدر آصف زرداری آئندہ چند روز میں گورنر ہاؤس لاہور پہنچیں گے جہاں ان کے کئی دن قیام کا امکان ہے۔ لاہور میں قیام کے دوران ان کی پیپلز پارٹی کے رہنماؤں اور دیگر اہم سیاسی و سماجی شخصیات سے ملاقاتیں متوقع ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر مملکت اپنے قیام کے دوران ملکی سیاسی صورتحال، پنجاب میں پارٹی کی پوزیشن، اور آئندہ سیاسی حکمت عملی پر قریبی رفقا سے مشاورت کریں گے۔واضح رہے کہ صدر آصف علی زرداری نے اس سے قبل بھی لاہور کے گورنر ہاؤس میں مختصر قیام کیا تھا اور واپسی پر وہاں کے عملے میں خیرسگالی کے طور پر نقد رقم بھی تقسیم کی تھی۔