بالی ووڈ اداکار کارتک آریان ایک بار پھر سوشل میڈیا پر زیرِ بحث آ گئے ہیں، جہاں ان کی ذاتی زندگی سے جڑی نئی افواہوں نے توجہ حاصل کر لی ہے۔
ریڈٹ اور دیگر سوشل پلیٹ فارمز پر گردش کرنے والی خبروں کے مطابق، 35 سالہ کارتک آریان کے بارے میں قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ وہ برطانیہ میں مقیم ایک کم عمر لڑکی سے ڈیٹنگ کر رہے ہیں۔
یہ افواہیں اس وقت زور پکڑیں جب گوا میں چھٹیاں گزارنے کے دوران چند تصاویر سامنے آئیں، جنہیں صارفین نے حیران کن مماثلتوں کے باعث نوٹ کیا۔ سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ کارتک کا نام ایک لڑکی کرینا کوبیلیوٹ سے جوڑا جا رہا ہے۔ صارفین نے کارتک اور اس لڑکی کی الگ الگ ساحل سمندر کی تصاویر میں پس منظر، بیچ سیٹ اپ اور لوکیشن کی مماثلتیں دیکھیں، جس کے بعد معاملہ ریڈٹ کے معروف پیج پر زیرِ بحث آیا اور تصاویر وائرل ہو گئیں۔
افواہوں کو مزید تقویت اس وقت ملی جب کارتک آریان نے قیاس آرائیوں کے فوراً بعد انسٹاگرام پر کرینا کو اَن فالو کیا۔ تاہم ابھی تک کارتک کی جانب سے ان خبروں کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی۔
مزید برآں، کارتک کی مبینہ گرل فرینڈ نے ایک پوسٹ میں کہا کہ وہ ان کی گرل فرینڈ نہیں ہیں، لیکن صارفین نے اس پر شک کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ کنفیوژ ہیں۔
اس سے قبل کارتک آریان کا نام سارہ علی خان اور اننیا پانڈے جیسے معروف اداکاراؤں کے ساتھ بھی جوڑا جا چکا ہے، جن تعلقات کا اعتراف وقتاً فوقتاً کیا گیا تھا۔
کارتک آریان حال ہی میں فلم ’تو میری میں تیرا، میں تیرا تو میری‘ میں نظر آئے تھے، جبکہ جلد وہ ’ناگ زِلا‘ اور ہدایت کار انوراگ باسو کی آنے والی فلم میں جلوہ گر ہوں گے۔