یہ خصوصی اقتصادی زون کیلئے قائم کیا جانے والا پہلا گرڈ سٹیشن ہے، الطاف حسین ملک
لاہور (آن لائن) نیشنل گرڈ کمپنی آف پاکستان (این جی سی) نے 220 کے وی قائداعظم بزنس پارک گرڈ سٹیشن کو کامیابی کے ساتھ انرجائز کر دیا ہے، جس سے پاکستان کے پاور ٹرانسمیشن نیٹ ورک کی توسیع میں ایک اور اہم سنگ میل عبور کر لیا گیا۔ یہ گرڈ سٹیشن شیخوپورہ میں واقع خصوصی اقتصادی زون میں بڑے صنعتی صارفین کی بجلی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے تعمیر کیا گیا ہے۔حکومتِ پاکستان کی جانب سے کیش ڈپازٹ لون کے تحت چار ارب روپے سے زائد لاگت سے مکمل ہونے والے اس منصوبے کا مقصد صنعتی آپریشنز، کاروباری سرگرمیوں اور مجموعی اقتصادی ترقی کے لیے بجلی کی قابلِ اعتماد فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔منیجنگ ڈائریکٹر این جی سی انجینئر الطاف حسین ملک نے گرڈ سٹیشن کی تکمیل پر پراجیکٹ ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ قائداعظم بزنس پارک گرڈ سٹیشن کو طویل مدتی صنعتی توسیع اور جامع سماجی و اقتصادی ترقی کے پیشِ نظر ڈیزائن کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ خصوصی اقتصادی زون میں سرمایہ کاری کے فروغ اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔