لاہور(یواین پی)پنجاب کابینہ نے خواتین اور غیر مسلم کی مخصوص نشستوں سے متعلق آئینی ترمیم بل 2025 کو ناقابلِ عمل قرار دے دیا۔صوبائی کابینہ نے مخصوص نشستیں ووٹوں کی بنیاد پر دینے کی تجویز مسترد کرتے ہوئے خواتین اور غیر مسلم نشستوں کا موجودہ آئینی طریقہ برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔نجی رکن کے آئینی ترمیمی بل پر پنجاب حکومت نے منفی جواب دیا ہے۔ کابینہ نے فیصلہ کیا کہ آرٹیکل 51 اور 106 میں ترمیم کی تجویز قابلِ عمل نہیں۔اسٹینڈنگ کمیٹی برائے قانون سازی و نجکاری نے بل مسترد کر دیا جبکہ پنجاب کابینہ نے اسٹینڈنگ کمیٹی کی سفارشات کی توثیق کر دی۔مخصوص نشستوں کا فارمولہ تبدیل نہ کرنے کی منظوری دی گئی جبکہ ووٹوں کی بنیاد پر مخصوص نشستیں دینے کی تجویز مسترد کر دی۔