اپیل منظوری کا اختیار حکومت سے لیکر سیکرٹری پراسیکیوشن کو منتقلی کی تجویز منظور
لاہور (کرائم رپورٹر)پنجاب حکومت نے فوجداری مقدمات میں اپیل کے طریقہ کار کو آسان، تیز اور مئوثر بنانے کا فیصلہ کر لیا۔ اس مقصد کے تحت کوڈ آف کریمنل پراسیجر ترمیمی بل 2025 اور کریمنل پراسیکیوشن سروس ترمیمی ایکٹ 2025 پنجاب اسمبلی سے منظور کر لیے گئے۔ ایک ہی نوعیت کے دو مختلف بلوں کوایوان سے منظوری کے بعد حتمی توثیق کیلئے گورنر پنجاب کو ارسال کر دیا گیا۔منظور شدہ ترامیم کے تحت بریت کے فیصلوں کیخلاف اپیل کی منظوری کا اختیار حکومت سے لیکر سیکرٹری پراسیکیوشن کو منتقل کرنے کی تجویز منظور کر لی گئی۔ اب پراسیکیوٹرز براہِ راست سیکرٹری پراسیکیوشن سے اپیل کی منظوری حاصل کر سکیں گیجس سے حکومتی منظوری کے پیچیدہ طریقہ کار کا خاتمہ ہو جائے گا۔بل کے متن کے مطابق ان ترامیم کا بنیادی مقصد اپیل کے عمل کو تیز، شفاف اور مئوثر بنانا ہے جبکہ غیر ضروری کاغذی کارروائی اور قانونی رکاوٹوں کو ختم کرنے کیلئے یہ اقدامات تجویز کیے گئے ہیں۔