بڑے ہسپتالوں کا رش کم کرنے کیلئے ٹیلی میڈیسن سسٹم کا باقاعدہ آغاز

کچھ ماہ پہلے ہم نے یہ خواب دیکھا تھا،یہ خاموش انقلاب ہے اور بارش کا پہلا قطرہ ہے
 ان مراکز میں صبح سے شام 6 بجے تک مریضوں کا معائنہ کیا جائے گا:وفاقی وزیر صحت کا تقریب سے خطاب
اسلام آباد(آئی این پی )پاکستان میں بڑے ہسپتالوں میں مریضوں کا  رش کم کرنے کیلئے  ٹیلی میڈیسن سسٹم کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا۔وزارت صحت کے تعاون سے صحت کہانی کے زیر اہتمام پہلے ہیلتھ کیئر سینٹر کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس میں وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال نے شرکت کی، جس میں انہوں نے کہا کہ آج ٹیلی میڈیسن کے حوالے سے بہت بڑا دن ہے کیونکہ ہمارے نجی اور سرکاری اسپتالوں میں سیاسی جلسوں کی مانند ہجوم نظر آتا ہے، جس کی بنیادی وجہ پرائمری اور سیکنڈری ہیلتھ کیئر سسٹم کی عدم موجودگی ہے۔وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ پرائمری ہیلتھ سسٹم کا مثر متبادل ٹیلی میڈیسن سسٹم ہے، جسے وفاقی بنیادی صحت مراکز میں شروع کر دیا گیا ہے۔ ٹیلی میڈیسن سسٹم شعب صحت میں ایک خاموش انقلاب ہے۔ اسلام آباد کے گوگینہ گائوں میں ٹیلی میڈیسن پراجیکٹ کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے، جہاں صحت کہانی ادارہ ڈیجیٹل صحت سہولیات فراہم کرے گا۔مصطفی کمال نے کہا کہ بڑے اسپتالوں میں آنے والے 70 فیصد مریضوں کو بنیادی صحت مراکز سے رجوع کرنا چاہیے۔ انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد کے 6 اور کراچی کے 4 مقامات پر ٹیلی میڈیسن سسٹم نصب کیا جا رہا ہے، جہاں مریضوں کو آن لائن کیمرے کے ذریعے بیک وقت 3 جنرل فزیشن دیکھیں گے جب کہ 6 مقامات پر مجموعی طور پر 18 ڈاکٹر آن لائن موجود ہوں گے