ڈاکٹرز اور دوا عوام کی دہلیز تک لائیں گے،پاکستان میں کسی بھی مریض کا یونیورسل میڈیکل ریکارڈ نہیں،وفاقی وزیر صحت
اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی وزیر برائے صحت مصطفی کمال نے کہا ہے کہ ملک میں بڑھتی ہوئی آبادی اور صحت کے بنیادی ڈھانچے کی محدود دستیابی کے پیش نظرٹیلی میڈیسن ناگزیر ہے۔ وزارت صحت سے جاری بیان کے مطابق مصطفی کمال سے وفاقی وزیر برائے آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ نے ملاقات کی ہے جس میں دونوں وزرا نے صحت کے شعبے میں آئی ٹی کے فروغ اور باہمی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر مصطفی کمال نے کہا کہ ڈاکٹرز اور دوا عوام کی دہلیز تک لائیں گے۔ پاکستان میں بڑھتی ہوئی آبادی اور صحت کے بنیادی ڈھانچے کی محدود دستیابی کے پیش نظرٹیلی میڈیسن ایک ناگزیر حل بنتا جا رہا ہے۔علاج کی سہولیات عوام کی دہلیز تک پہنچانے کے لئے ٹیلی میڈیسن اہم ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی سے مریض گھر بیٹھے ماہر ڈاکٹروں سے مشورہ لے سکتے ہیں۔ بنیادی مرکز صحت نہ ہونے کی وجہ سے لوگ بڑے ہسپتالوں کا رخ کرتے ہیں۔ بڑے ہسپتالوں پر مریضوں کا بوجھ روز بروز بڑھ رہاہے۔ انہوں نے کہا پاکستان میں کسی بھی مریض کا یونیورسل میڈیکل ریکارڈ نہیں ہے۔ جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوے ون پیشنٹ ون آئی ڈی کا نظام متعارف کروا رہے ہیں۔ اس موقع پر شزا فاطمہ نے کہا کہ وزارت آئی ٹی نے صحت کے شعبے میں آئی ٹی کے استعمال کے فروغ کے لئے مکمل تعاون فراہم کرے گی۔