عمران خان سے ملاقات کا معاملہ پیچیدہ، مذاکراتی کمیٹی اور جیل حکام میں اختلافات

عمران خان سے ملاقات کا معاملہ پیچیدہ، مذاکراتی کمیٹی اور جیل حکام میں اختلافات

راولپنڈی:عمران خان سے مذاکراتی کمیٹی کی ملاقات کے حوالے سے صورتحال پیچیدہ ہو گئی ہے۔

 حکومت کے ساتھ مذاکرات کرنے والی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کمیٹی کے ارکان اور اڈیالہ جیل کے حکام کے درمیان ملاقات کی کوششیں کشمکش کا شکار ہو چکی ہیں۔ دونوں جانب سے مختلف مؤقف سامنے آ رہے ہیں جس سے معاملہ مزید پیچیدہ ہو گیا ہے۔پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری نے اس معاملے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ "جب تک جیل حکام سے کوئی دعوت نہیں ملتی، ہم ملاقات کے لیے نہیں آئیں گے۔" ان کا کہنا تھا کہ اگر جیل حکام ہمیں بلائیں گے، تو ہم ملاقات کے لیے جائیں گے۔ تاہم جیل ذرائع نے اپنے مؤقف میں کہا ہے کہ "جب تک کوئی بھی ملاقات کے لیے نہیں آتا، تو ملاقات کی اجازت کس کو دی جائے؟" جیل حکام کا کہنا ہے کہ ملاقات کے انتظامات کے لیے پی ٹی آئی کی جانب سے کسی کی طرف سے رابطہ نہیں کیا گیا ہے۔

گزشتہ ملاقات کے دوران بھی مذاکراتی کمیٹی اور جیل حکام کے درمیان رابطوں میں کمی تھی اور اب بھی صورتحال ایسی ہی ہے۔ دونوں طرف سے اس بات کا انتظار کیا جا رہا ہے کہ کون پہلے قدم اٹھاتا ہے۔ مذاکراتی کمیٹی جیل حکام کی جانب سے دعوت کا انتظار کر رہی ہے، جب کہ جیل ذرائع نے بھی یہ وضاحت دی ہے کہ ابھی تک کوئی پی ٹی آئی رہنما، وکیل یا خاندان کا ممبر ملاقات کے لیے جیل نہیں آیا۔یہ صورتحال اس وقت پیدا ہوئی ہے جب عمران خان کے ساتھ مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان بات چیت کی ضرورت ہے، لیکن دونوں جانب سے ملاقات کے لیے کسی بھی انتظامات میں پیش رفت نظر نہیں آ رہی۔