پاکستان کرکٹ بورڈ (PCB) نے آسٹریلیا کے خلاف آئندہ تین میچوں پر مشتمل ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کے لیے 16 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، جس میں اہم تبدیلیاں اور چند سینئر کھلاڑیوں کی واپسی شامل ہے۔
سیریز 30 مئی سے 4 جون تک راولپنڈی اور لاہور میں کھیلی جائے گی۔اسکواڈ کے مطابق فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کو ٹیم کی قیادت سونپی گئی ہے، جبکہ بابر اعظم سمیت کئی اہم کھلاڑیوں کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ٹیم میں دیگر نمایاں کھلاڑیوں میں شاداب خان، نسیم شاہ اور سفیان مقیم شامل ہیں، جبکہ وکٹ کیپنگ لائن اپ میں بھی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔رپورٹ کے مطابق محمد رضوان کو اسکواڈ سے ڈراپ کر دیا گیا ہے، جبکہ ان کی جگہ محمد غازی غوری اور روحیل نذیر کو وکٹ کیپر بیٹرز کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔اسی طرح فخر زمان اور صائم ایوب انجری کے باعث بدستور ری ہیب پروگرام میں ہیں اور اس سیریز کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔ عثمان خان بھی بیماری کے باعث سلیکشن کے لیے زیر غور نہیں آئے۔
پاکستان کا مکمل 16 رکنی اسکواڈ درج ذیل ہے:
شاہین شاہ آفریدی (کپتان)، سلمان علی آغا (نائب کپتان)، عبدالصمد، ابرار احمد، احمد دانیال، عرفات منہاس، بابر اعظم، حارث رؤف، معاذ صداقت، محمد غازی غوری، نسیم شاہ، روحیل نذیر، صاحبزادہ فرحان، شاداب خان، شامل حسین، سفیان مقیم۔کرکٹ ماہرین کے مطابق اس اسکواڈ میں نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینا اور کچھ سینئر کھلاڑیوں کی واپسی پاکستان کی آئندہ ون ڈے حکمت عملی کا حصہ ہے، جبکہ آسٹریلیا جیسی مضبوط ٹیم کے خلاف یہ سیریز ٹیم کمبی نیشن کو جانچنے کا اہم موقع ہوگی۔