لاہور کی ہر یونین کونسل اور وارڈ کی سطح تک تنظیم کو فعال کیا جائے گا:علامہ معتصم الہی ظہیرکی اجلاس میں گفتگو
لاہور(خصوصی رپورٹر ) مرکزی جمعیت اہل حدیث ضلع و شہر لاہور کے شعبہ سیاسی امور کا اجلاس چیئرمین سیاسی امور مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان علامہ معتصم الہی ظہیر کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں مرکزی جمعیت اہل حدیث ضلع و شہر لاہور کے پی پی سے وابستہ ذمہ داران نے بھرپور شرکت کی۔ اجلاس میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی اور آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مرکزی جمعیت اہل حدیث لاہور بلدیاتی انتخابات میں بھرپور اور مؤثر انداز میں حصہ لے گی تاکہ عوامی مسائل کے حل میں اپنا کردار ادا کیا جا سکے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ معتصم الہی ظہیر نے تمام ذمہ داران کو واضح اہداف دیئے اور خصوصی مشاورت کے بعد آئندہ کے لیے حکمتِ عملی کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کے ہر یونین کونسل اور وارڈ کی سطح تک تنظیمی نظم کو فعال کیا جائے گا تاکہ عوام سے رابطہ مزید مضبوط اور مؤثر بنایا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ بلدیاتی نظام عوامی خدمت کی مضبوط بنیاد ہے اور مرکزی جمعیت اہل حدیث اس نظام کے ذریعے دیانتدار، باصلاحیت اور عوام دوست قیادت کو آگے لائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ تنظیمی کارکنان عوام کے مسائل کو اپنی ترجیح بنائیں اور خدمت کے جذبے سے میدان میں اتریں۔اجلاس میں مہمانِ خصوصی کے طور پر امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث سینٹرل پنجاب حافظ محمد یونس آزاد نے شرکت کی اور خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی انتخابات عوامی نمائندگی کا اہم ذریعہ ہیں، جن کے ذریعے نچلی سطح پر حقیقی تبدیلی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی جمعیت اہل حدیث نے ہمیشہ خدمت، دیانت اور شفافیت کو اپنا شعار بنایا ہے۔حافظ محمد یونس آزاد کا کہنا تھا کہ لاہور میں تنظیمی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنا کر ایک منظم اور متحرک ٹیم تیار کی جائے گی