غالب مارکیٹ پولیس کی کارروائی، جعلی سرکاری ملازم گرفتار

غالب مارکیٹ پولیس کی کارروائی، جعلی سرکاری ملازم گرفتار

لاہور: غالب مارکیٹ پولیس نے ایک نوسرباز کو گرفتار کر لیا جو خود کو جعلی سرکاری ملازم ظاہر کر کے اثر و رسوخ استعمال کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔

تفصیلات کے مطابق پولیس نے جاوید نامی شخص کو اغوا کی جھوٹی کال کرنے پر حراست میں لیا تھا۔ اس دوران ایک اور شخص، سلیم، خود کو ایک اہم ادارے کا سرکاری ملازم ظاہر کرتے ہوئے جاوید کی رہائی کے لیے پولیس پر دباؤ ڈالنے پہنچا۔پولیس ترجمان کے مطابق ملزم سلیم نے ابتدا میں رعب و دبدبہ ڈالنے کی کوشش کی، تاہم جب پولیس نے اس کی ملازمت اور سروس کارڈ کی تصدیق کی تو معلوم ہوا کہ وہ حقیقت میں کسی سرکاری ادارے کا ملازم نہیں ہے۔پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے جعلی سرکاری ملازم سلیم کو بھی گرفتار کر لیا اور دونوں ملزمان کے خلاف تھانہ غالب مارکیٹ میں مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس قسم کی جعل سازی اور دھوکہ دہی میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔