نمائش میں 137 پاکستانی کمپنیاں اور ادارے شرکت کر رہے ہیں نئے دور کا آغاز ترقی اور مشترکہ خوشحالی پر مبنی ہے:پاکستانی سفیر
اقصادی تجارتی حکمت عملی کے تحت سعودی عرب کے ساتھ تجارتی، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعلقات بڑھانے کیلئے پرعزم ہیں:وزیر سرمایہ کاری جام کما ل خان
جدہ(آئی این پی )جدہ کے انٹرنیشنل ایگزیبیشن اینڈ ایونٹس سینٹر میں پاکستان کی پہلی سنگل کنٹری ایگزبیشن میڈ اِن پاکستان اور بزنس فورم کا انعقاد ہوا جو تین دن تک جاری رہے گا۔سعودی عرب کے نائب وزیر برائے سرمایہ کاری ابراہیم المبارک، پاکستان کے وزیر تجارت کمال خان، سعودی جنرل فارن ٹریڈ اتھارٹی کے ڈپٹی گورنرعبدالعزیز السکران، فیڈریشن آف سعودی چیمبرز کے صدر حسن معجب الحویزی اور سفیر پاکستان احمد فاروق نے الیکڑانک بٹن دبا کر ایگزیبیشن کا افتتاح کیا۔تقریب میں سعودی کاروباری افراد، کمپنیوں کے نمائندے، میڈیا اور دیگر شخصیات نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ افتتاحی تقریب کے بعد مہمان خصوصی سعودی نائب وزیر برائے سرمایہ کاری ابراہیم المبارک نے نمائش میں لگائے گئے سٹالز کا دورہ کیا اور خصوصا پاکستان کی سپورٹس اور ٹیکسٹائل مصنوعات میں دلچسپی کا اظہار کیا۔نمائش میں تقریبا چھ شعبوں سے منسلک 137 پاکستانی کمپنیاں اور ادارے شرکت کر رہے ہیں‘ تقریب کے افتتاحی خطاب میں پاکستان کے سعودی عرب میں سفیر احمد فاروق نے کہا کہ نمائش میں سب کا خیر مقدم کرنا میرے لیے اعزاز کی بات کی بات ہے۔یہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط اقتصادی شراکت داری کا جشن ہے۔ پاکستان سعودی تجارتی تعلقات میں ایک نئے باب کا آغاز ہے جو ترقی، انوویشن اور مشترکہ خوشحالی پر مبنی ہے۔ پاکستان کے وزیر سرمایہ کاری جام کمال خان نے اپنے خطاب میں کہا یہ نمائش پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان پائیدار تعلقات کا ثبوت ہے جو مذہبی اور ثقافتی تعلقات کی بھرپور تاریخ سے جڑے ہوئے ہیں۔یہ سعودی عرب اور خطے کے لوگوں کو پاکستان کی بہترین مصنوعات دکھانے کا بھی ایک موقع ہے۔ان کا کہنا تھا اس نمائش کے ذریعے مینوفیکچرز اور کاروباری افراد کی منفرد صلاحتتوں اور کامیابیوں کو اجاگر کیا جائے گا۔کمال خان نے کہا ہم اقصادی تجارتی حکمت عملی کے تحت سعودی عرب کے ساتھ تجارتی، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعلقات کو بڑھانے کے لیے پرعزم ہیں۔