نیپرا نے3ماہ کے بجلی ونٹر پیکیج کی منظوری دے دی

 پیکیج سے صنعتی نیٹ میٹرنگ اور ویلنگ صارفین بھی فائدہ حاصل کر سکیں گے
اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)نیپرا نے وفاقی حکومت کی جانب سے جمع کروائے گئے بجلی کے 3ماہ کے ونٹر پیکیج کی منظوری دے دی،ونٹر پیکیج سے صنعتی نیٹ میٹرنگ اور ویلنگ صارفین بھی فائدہ حاصل کر سکیں گے۔گزشتہ روز نیپرا کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے جمع کروائی گئی درخواست میں صنعتی نیٹ میٹرنگ اور ویلنگ صارفین کو شامل نہیں کیا گیا تھا،ونٹر پیکیج کے تحت گزشتہ سال  کے مقابلے میں اضافی یونٹ کی قیمت 26 روپے 7 پیسے ہوگی۔ونٹر پیکیج میں گھریلو صارفین کو بجلی کے کم سے کم اضافی استعمال پر 30 فیصد یا 11 روپے 42 پیسے فی یونٹ اور زیادہ سے زیادہ اضافی استعمال پر 50 فیصد یا 26 روپے فی یونٹ کی بچت ہوگی۔صنعتی صارفین کو بجلی کے کم سے کم اضافی استعمال پر 18 فیصد یا 5 روپے 72 پیسے فی یونٹ اور زیادہ سے زیادہ اضافی استعمال پر 37 فیصد یا 15 روپے 5 پیسے فی یونٹ کی بچت ہوگی۔ اعلامیہ کے مطابق ونٹر پیکیج کی میعاد 3 ماہ ( دسمبر تا فروری) تک ہوگی۔