محبت کی شادی کرنیوالا قتل

نامعلوم افراد نے فلیٹ میں گھس کر میاں بیوی کی شہ رگ کاٹ دی ،مقتولین کاتعلق گلگت سے ہے 
لاہور(کرائم رپورٹر)کوٹ لکھپت کے علاقے میں غیرت کی بنیاد پر محبت کی شادی کرنے والا جوڑا قتل کر دیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق کوٹ لکھپت کے علاقے میں نامعلوم افراد نے چندرائے روڈ پر واقع فلیٹ میں گھس کرمیاں بیوی اظہار اور بینش کو بدترین تشددکا نشانہ بنانے کے بعد شہ رگ کاٹ کر قتل کر دیا اور فرار ہو گئے ،اطلاع ملنے پر پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے لاشیں ایدھی ایمبولینس کے ذریعے پوسٹمارٹم کے لیے منتقل کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا، ابتدائی تفتیش کے مطابق مقتولین کی شناخت 22 سالہ اظہار اور 19 سالہ بینش بی بی کے نام سے ہوئی ،دونوں کاتعلق گلگت سے ہے اور چند ماہ قبل پسند کی شادی کرکے لاہور میں اپنے ماموں کے قریب واقعہ فلیٹ میں کرائے پر رہائش پذیر تھے، بظاہر دنوں کا قتل غیرت کے نام پر معلوم ہوتا ہے۔ جائے وقوعہ سے آلہ قتل بھی برآمد کر لیا گیا جس سے ملنے والے فنگر پرنٹس کی مدد سے ملزموں کی شناخت کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ایس پی ماڈل ٹائون اخلاق اللہ تارڑ نے جائے وقوعہ کادورہ کیا اور اپنی موجودگی میں شواہد اکٹھے کرائے، اس حوالے سے ایس پی اخلاق اللہ کا کہنا ہے کہ جلد ملزموں کو گرفتار کرکے حوالات میں بند کیا جائے گا۔