کراچی محفوظ و محبت کرنیوالا شہر ہے‘ ایمن خان ، منیب بٹ

 پاکستان سے محبت ہے اور کراچی بھی ہمیں بہت عزیز ہے:میڈیا سے گفتگو
لندن (شوبز ڈیسک) معروف جوڑی اداکارہ ایمن خان اور اداکار منیب بٹ نے کراچی کو محبت کرنے والا، مہمان نواز اور محفوظ شہر قرار دے دیا۔انہوں نے لندن کے حالیہ دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کراچی کے حالات میں بہتری کی امید ظاہر کی ہے۔میڈیا سے گفتگو کے دوران جب اداکارہ سے ساتھی اداکارہ حنا الطاف کی کراچی پر تنقید کرنے والی ویڈیو کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ معذرت، میں نے یہ ویڈیو نہیں دیکھی، مجھے اس بارے میں زیادہ معلومات نہیں، لیکن میرے خیال میں ایسا کچھ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان محفوظ ہے اور کراچی بھی محفوظ ہے، مجھے پاکستان سے محبت ہے اور کراچی بھی مجھے بہت عزیز ہے۔ایمن خان نے لاہور کا ذکر کرتے ہوئے ملک میں خواتین کو بااختیار بنانے کے حوالے سے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور بہتر مستقبل کے لیے امید ظاہر کی۔اداکارہ نے کہا کہ میں نے کبھی کراچی میں خود کو پابندیوں میں جکڑا ہوا محسوس نہیں کیا، مجھے کبھی ایسا محسوس نہیں ہوا کہ میں کہیں قید ہوں، لندن، لاہور اور اسلام آباد کی طرح کراچی میں بھی خود کو بہت آزاد محسوس کرتی ہوں، اس معاملے میں کراچی دیگر شہروں سے مختلف نہیں ہے۔