پی ٹی آئی میں کوئی اندرونی اختلاف نہیں : یاسمین راشد

ڈی چوک جانے میں ہماری کوئی غلطی نہیں تھی ، حکومت کی طرف سے غلطی ہوئی ، گفتگو
   لاہور(آئی این پی )پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی میں کوئی اندرونی اختلاف نہیں ہے، کمیٹی بن گئی ہے اس میں سب موجود ہیں، ڈی چوک جانے میں ہماری کوئی غلطی نہیں تھی، غلطی حکومت کی طرف سے ہوئی ہے۔انسداد دہشتگردی عدالت لاہور میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ حکومت نے اسلام  آباد ڈی چوک میں معصوم بچوں کو مار ڈالا اور اب پوچھ رہے ہیں ہیں کہ لاشیں کہاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ 27نومبر کے واقعے پر چیف جسٹس کو جوڈیشل کمیشن بنانے کیلئے خط لکھا ہے، جوڈیشل کمیشن بنے گا ، انکوائری ہو گی تو سچ سامنے آئے گا۔یاسمین راشد نے کہا کہ مریم نواز پارٹی کے کارکنان کو دہشتگردی سکھا رہی ہے، مریم نواز 22 ہزار ووٹ لے کر وزیر اعلیٰ بن کر بیٹھ کر گئی ہیں، تحریک انصاف کو گیارہ کروڑ عوام نے ووٹ دیا، وہ فارم 47 کی وجہ سے پنجاب کی وزیر اعلی بنی، پی ٹی آئی پرظلم کیا گیا،خون بہایا ہے، اس کا حساب لیں گے۔