یونیسیف کی جنگوں و بحرانوں سے متاثرہ لاکھوں بچوں کی مدد کیلئے 9.9بلین ڈالر فنڈنگ کی اپیل

 نیویارک(آئی این پی )اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال یونیسیف نے دنیا بھر میں جنگوں اور دیگر بحرانوں سے متاثر ہونے والے لاکھوں بچوں کے لیے آئندہ سال امداد فراہم کرنے کے لیے 9.9 بلین ڈالر کی فنڈ ریزنگ اپیل کر دی  ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق یونیسیف کی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر کیتھرین رسل نے گذشتہ روز بیان میں کہا کہ بچوں کی انسانی ضروریات کا پیمانہ تاریخی طور پر ایک اعلیٰ سطح پر ہے، جس سے ہر روز زیادہ بچے متاثر ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ رقم 109 ملین بچوں کو بنیادی صحت کی دیکھ بھال کی سہولیات، دماغی صحت کی خدمات، پینے کے پانی، تعلیم، غذائیت کی سکریننگ اور صنفی بنیاد پر تشدد کے خاتمے میں مدد فراہم کرے گی۔