عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں پھر سے بلند ہونے لگیں

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں پھر سے بلند ہونے لگیں

آبنائے ہرمز سے متعلق بڑھتی ہوئی غیر یقینی صورتحال کے سبب عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق، برینٹ خام تیل کی قیمت میں تقریباً ایک فیصد اضافہ ہوا، جس کے بعد یہ 83.29 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل بھی اضافے کے ساتھ 77.93 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کر رہا ہے۔رپورٹس کے مطابق، ایران اور عمان مل کر آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں کے لیے نئے قواعد پر غور کر رہے ہیں۔ ان قواعد کے تحت، قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے جہازوں پر کارگو کی مالیت کا 20 فیصد تک جرمانہ عائد کیا جائے گا۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ان مجوزہ اقدامات نے عالمی توانائی منڈی میں خدشات کو جنم دیا ہے کیونکہ آبنائے ہرمز دنیا کی تیل اور مائع قدرتی گیس (LNG) کی ترسیل کے لیے اہم ترین بحری راستوں میں سے ایک ہے۔

ادھر، ایران اور عمان کے درمیان ممکنہ ٹرانزٹ معاہدہ پر بھی بات چیت جاری ہے، مگر صنعت سے وابستہ ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکی پابندیوں اور انشورنس سے متعلق پیچیدگیوں کے سبب کسی بھی معاہدے پر عمل درآمد مشکل ہوسکتا ہے۔دوسری جانب، یمن کے حوثی گروپ نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے مارب اور حضرموت میں سعودی تنصیبات کو میزائل اور ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امید ظاہر کی ہے کہ ایران کے ساتھ جاری جنگ جلد اپنے اختتام کو پہنچ سکتی ہے۔