مقررہ اوقات کی خلاف ورزی، آئل ٹینکر کے خلاف مقدمہ درج

سی ٹی او کا ہیوی ٹریفک اوقات پر سخت عملدرآمد، خلاف ورزی پر کارروائی کا حکم
لاہور (کرائم رپورٹر) ڈیفنس فیز 8 میں مقررہ اوقاتِ کار کی خلاف ورزی کرنے پر آئل ٹینکر کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق مصروف اوقات میں آئل ٹینکر کی آمدورفت کے باعث شہریوں کو شدید ٹریفک مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔ سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ لاہور ٹریفک پولیس اور آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کے درمیان ہیوی ٹریفک کی نقل و حرکت کے اوقات طے کیے جا چکے ہیں، جن پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ مال روڈ، جیل روڈ اور مین بلیوارڈ گلبرگ پر آئل ٹینکرز کو صرف رات 11 بجے سے صبح 7 بجے تک آمدورفت کی اجازت ہوگی، جبکہ صبح 7 سے 9 بجے، دوپہر 12:30 سے 2:30 بجے اور شام 5 سے 7 بجے تک شہر میں داخلے اور نقل و حرکت پر پابندی رہے گی، البتہ اتوار کو یہ پابندی لاگو نہیں ہوگی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ شیخوپورہ سے مشرقی لاہور آنے والے آئل ٹینکرز رنگ روڈ اور کینال روڈ استعمال کریں گے، جبکہ ڈرائیورز کے لیے ریفریشر کورس اور گاڑیوں میں ڈیش کیم و فرنٹ کیم کی تنصیب بھی یقینی بنائی جائے گی تاکہ ٹریفک کی روانی بہتر، مہلک حادثات کی روک تھام اور شہریوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔