کیسز کا جائزہ لیا جائے گا اور اہل افسران کے لیے سفارشات مرتب کی جائیں گی
اسلام آباد(آئی این پی ) وفاقی حکومت نے گریڈ 20 اور 21 میں ترقیوں کا طویل عرصے سے زیر التوا عمل شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس سے سینکڑوں وفاقی افسران کی ترقی کی راہ ہموار ہونے کا امکان ہے۔اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری آفس میمورنڈم میں کہا گیا ہے کہ سنٹرل سلیکشن بورڈ کا اجلاس طلب کرنے کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔اس سلسلے میں تمام وزارتوں، ڈویژنز اور کیڈر ایڈمنسٹریٹرز سے گریڈ 20 اور 21 میں ترقی کے اہل افسران کے پینلز 10 اگست تک طلب کر لئے گئے ہیں۔ذرائع کہنا ہے کہ سنٹرل سلیکشن بورڈ کے اجلاس میں مختلف آکیوپیشنل گروپس، سروسز اور ایکس کیڈر افسران کی ترقی کے کیسز کا جائزہ لیا جائے گا اور اہل افسران کے لیے سفارشات مرتب کی جائیں گی۔بورڈ کی سفارشات حتمی منظوری کیلئے وزیراعظم کو ارسال کی جائیں گی۔ وزیراعظم کی منظوری کے بعد اسٹیبلشمنٹ ڈویژن ترقیوں کے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کرے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ترقی پانے والے متعدد افسران کے حسبِ روایت تقرر و تبادلے بھی کیے جائیں گے، جس کے بعد وفاقی بیوروکریسی میں اہم انتظامی تبدیلیوں کا امکان ہے۔