سزائے موت کی تمام زیر التوا ء اپیلیں آئندہ 30 دنوں کے اندر مقرر کرنے کافیصلہ

2018تک دائر ہونے والے مقدمات کو بھی ترجیحی بنیادوں پر مقرر کیا جائے گا:چیف جسٹس کی زیرصدارت عدالتی اصلاحات پر جائزہ اجلاس
اسلام آباد(آن لائن)چیف جسٹس پاکستان یحیی آفریدی کی زیر صدارت عدالتی اصلاحات پر جائزہ اجلاس میں سزائے موت کی تمام زیر التوا اپیلیں اگلے 30 دنوں کے اندرجبکہ 2018 تک دائر ہونے والے مقدمات کو ترجیحی بنیادوں پر مقرر کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔  اجلاس کو بتایا گیا کہ کیسز کی درجہ بندی اور فائل ٹریکنگ کے لیے بار کوڈنگ سسٹم 30 دنوں میں مکمل کر لیا جائے گا۔چیف جسٹس پاکستان یحیی آفریدی کی زیر صدارت عدالتی اصلاحات پر پیش رفت کا دسواں جائزہ اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ریفارم ایکشن پلان کے تحت ماہانہ کارکردگی، عدالتی عمل کو جدید بنانے اور ادارہ جاتی کارکردگی بڑھانے کا جائزہ لیا گیا۔اجلا س کے بعد جاری اعلامیہ کے مطابق وفاقی محتسب نوید کامران بلوچ نے مبصر کے طور پر اجلاس میں شرکت کی۔ نوید کامران نے کارکردگی کی نگرانی کے کلیدی کارکردگی پر زور دیا۔اجلاس کے اعلامیہ کے مطابق کیسز کی درجہ بندی اور فائل ٹریکنگ کے لیے بار کوڈنگ سسٹم 30 دنوں میں مکمل کر لیا جائے گا، تصدیق شدہ نقول اور نظرثانی درخواستوں کے لیے پبلک فیسیلیٹیشن سینٹر کے ذریعے ای-پیمنٹ سسٹم فعال کر دیا گیا ہے، عدالتی فیسوں کی تمام کیٹیگریز کے لیے ای-پیمنٹ کی سہولت ایک ہفتے کے اندر فراہم کرنے کا حکم دیا گیا ہے،پبلک فیسیلیٹیشن سینٹر نے گزشتہ تین ماہ میں تقریبا 20,802 سروس درخواستوں پر سہولت فراہم کی ہے،اعلامیہ کے مطابق اے ڈی آر اور ثالثی کے اقدامات کی معیار کی یقین دہانی 30 اگست 2026 تک مکمل کرنے کا ہدف ہے