پی ٹی آئی میں 27ستمبر کو اسلام آباد مارچ پر اختلافات ‘اتنی دور کی تاریخ کیوں دی؟ علیمہ خان

سفر پشاور سے شروع ہوگا ‘ مارچ میں ریاستی مشینری شامل نہیں ہوگی ، مختلف ٹیمیں ہوں گی اگر ایک ناکام ہوئی تو دوسری آگے بڑھے گی:شفیع جان‘معاون خصوصی خیبرپختونخوا
عمران خان مزید دو مہینے انتظار کریں؟ یہ لوگ  انتظار کروا رہے ہیں‘مجھے نہیں معلوم کیسا جلسہ ہوا ہے میں نے نہیں دیکھا، ہم ان معاملات میں ڈسکشن نہیں کرتے:علیمہ خان
پشاور‘اسلام آباد(آئی این پی )معاون خصوصی برائے اطلاعات خیبر پختونخوا شفیع جان  نے کہاہے  27 ستمبر کو اسلام آباد مارچ کا ہوم ورک کر چکے، جامع پلان کے ساتھ آ رہے ہیں۔ ایک انٹرویو میں  شفیع جان نے کہا کہ 27 ستمبر 2026 کو پی ٹی آئی اسلام آباد کی طرف مارچ کرے گی، سفر پشاور سے شروع ہوگا اور رخ اسلام آباد ہوگا، پاکستان بھر سے پارٹی عہدیداران اور ٹکٹ ہولڈرز بھی اسلام آباد کا رخ کریں گے۔شفیع جان نے کہا کہ  شروع ہونے والی تحریک بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی تک جاری رہے گی‘ مارچ کیلئے مختلف ٹیمیں ہوں گی اگر ایک ناکام ہوئی تو دوسری آگے بڑھے گی۔بانی پی ٹی  آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان نے خیبرپختونخواہ کے وزیراعلی سہیل آفریدی کی جانب سے 27 ستمبر کو اسلام آباد لانگ مارچ کی دی گئی کال پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے یہ لوگ عمران خان کو انتظار کروا رہے ہیں، ہمیں تو اس کال کی سمجھ ہی نہیں آئی کہ اتنی دور کی تاریخ کیوں دی گئی۔  میڈیا سے گفتگو کے دوران جب علیمہ خان سے پشاور میں ہونے والے تحریک انصاف کے جلسے سے متعلق سوال کیا گیا تو اس پر جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم کیسا جلسہ ہوا ہے، میں نے جلسہ نہیں دیکھا۔ ہم ان معاملات پر ڈسکشن نہیں کرتے، یہ پی ٹی آئی کا کام ہے۔