گروی و کرایہ داری فراڈ میں ملوث افراد کا ریکارڈ مرتب

شہری گروی، کرایہ نامے یا ایڈوانس رقم دینے سے پہلے مکمل تصدیق کریں ، جھانسے میں نہ آئیں، احتیاط کریں
لاہور(کرائم رپورٹر)ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کاکھلی کچہری میں شہریوں کی گروی وکرایہ داری سے متعلق شکایات پر بڑا فیصلہ سامنے آگیا۔فیصل کامران نے گروی و کرایہ داری کے نام پر بڑھتے فراڈکے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے تمام تھانوں کو گروی و کرایہ داری فراڈ میں ملوث افراد کا ریکارڈ مرتب کرنے کا حکم دے دیا۔ ڈی آئی جی آپریشنزکا اس موقع پر کہنا تھا کہ معاہدوں کی خلاف ورزی، مکان نہ دینا اور رقم واپس نہ کرنا جرم ہے۔شہری گروی، کرایہ نامے یا ایڈوانس رقم دینے سے پہلے مکمل تصدیق کریں اور فراڈیوں کے جھانسے میں نہ آئیں، احتیاط کریں۔ انہوں نے کہا کہ فراڈیے مکان کے جھانسے میں لوگوں لی جمع پونجی ہڑپ کر لیتے ہیں،شہری ہوشیار رہیں۔ مکان مالک یا کرایہ دار کی اچھی طرح تصدیق کریں، پھر ہی رقم کا لین دین کریں۔فیصل کامران نے کہا کہ ایس ایچ اوز چوکس رہیں، ہر شکایت پر فوری کارروائی کریں۔ ایسے عناصر کو قانون کی گرفت میں لایا جائے گا جو شہریوں کو لوٹتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پولیس عوام کو فراڈ سے بچانے کیلئے ہرممکن اقدام کر رہی ہے۔ شہریوں کی آگاہی کیلئے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کا استعمال بھی کیا جا رہا ہے۔ خود کو محفوظ بنائیں، دھوکہ دہی کی اطلاع فوری 15 پر دیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ معاہدے سے پہلے شہرت و رہائشی ثبوت کی تصدیق لازمی کریں۔