بچوں کو داخلہ فیس اور ماہانہ ٹیوشن فیس میں 50 فیصد رعایت دی جائے گی
13 نامور تعلیمی اداروں کے ساتھ ایم او یوز سائن کیے:آئی جی ڈاکٹرعثمان انور
لاہور(کرائم رپورٹر)آئی جی پنجاب ڈاکٹرعثمان انور نے پولیس شہداء اور ملازمین کے بچوں کی معیاری تعلیم کے لئے احسن اقدام اٹھایا ہے جس کے تحت پنجاب پولیس اور نجی کالج (Kingsford College) کے مابین ایم او یو پر دستخط کرنے کی تقریب سنٹرل پولیس آفس میں منعقد ہوئی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور نجی کالج کے چیف ایگزیکٹو شیخ حسن منور نے ایم او یو پر دستخط کئے۔ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ایم او یو کے تحت کالج میں پولیس شہداء کے بچوں کو بالکل مفت داخلہ اور تعلیم سمیت دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔حاضر سروس پولیس ملازمین کے بچوں کو داخلہ فیس اور ماہانہ ٹیوشن فیس میں 50 فیصد رعایت دی جائے گی۔ دوران سروس انتقال کرنے والے ملازمین کے بچوں کو بھی داخلہ فیس اور ماہانہ ٹیوشن فیس میں 50 فیصد رعایت ملے گی۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ تعلیمی ادارے کے سکولوں میں بھی پولیس شہداء اور ملازمین کو فیس میں رعایت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے،کالج کے طلبا و طالبات فرینڈز آف پولیس اور والینٹرز ان پولیس پروگرامز میں شریک ہونگے۔ ایم او یو کے تحت پولیس ملازمین کے زیادہ سے زیادہ بچوں کو بہترین معیاری تعلیم کے مواقع میسر آئیں گے۔آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ شہداء اور دیگر ملازمین کے بچوں کو مفت و رعائتی تعلیم کے حصول کیلئے 13 نامور تعلیمی اداروں کے ساتھ ایم او یوز سائن کیے گئے ہیں۔ تقریب میں ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس عمران ارشد، ڈی آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس غازی محمد صلاح الدین، اے آئی جی انسپکشن شائستہ ندیم اور اے آئی جی ایڈمن اسد اعجاز ملہی سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔