پنجاب کے اساتذہ کا 5 رکنی وفد ٹریننگ کیلئے بیرون ملک روانہ

اساتذہ عالمی معیار کی ٹریننگ کریں گے، پرفارمنس میں اضافہ ہوگا:رانا سکندر 
لاہور( خصوصی رپورٹ)ٹی این اے ٹیسٹ میں ٹاپ کرنے والے اساتذہ فارن ٹریننگ کیلئے یوکے روانہ ہو گئے۔ ٹریننگ کیلئے منتخب ہونے والے اساتذہ نے بائیکاٹ کے باوجود ٹی این اے ٹیسٹ میں حصہ لیا۔ 3 مرد اور 2 خواتین اساتذہ پر مشتمل ٹاپر 5 رکنی وفد سیکرٹری ایجوکیشن کی قیادت میں یوکے روانہ ہوا۔ وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے اساتذہ کیلئے نیک تمنا ئوں کا اظہار کرتے ہوئے کہا قابل اور محنتی اساتذہ کو فارن ٹریننگ کیلئے روانہ کر کے ایک اور وعدہ پورا کر دیا ،اساتذہ عالمی معیار کی ٹریننگ کریں گے، پرفارمنس میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا اساتذہ انٹرنیشنل معیار کی 7 روزہ ٹریننگ کے مرحلے سے گزریں گے جس کے بعد ان کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا،پرفارمنس کی بنیاد پر اساتذہ کی ترقی اور مراعات میں بھی اضافہ کیا جاتا رہے گا۔ انہوں نے کہا ہمیشہ اساتذہ کا بھلا سوچا، کبھی ان کا نقصان نہیں کریں گے، آئندہ بھی اساتذہ کے مفاد میں اقدامات اٹھاتے رہیں گے۔ وزیر تعلیم نے امید ظاہر کی کہ یوکے میں تربیت حاصل کرنے والے اساتذہ جدید مہارتوں کے ذریعے پاکستان کے تعلیمی نظام میں مثبت تبدیلیاں لائیں گے اور طلبا کے تعلیمی سفر کو مزید موثر بنائیں گے۔