مشتبہ مریضوں کی تعداد میں اضافہ 1 ہفتے کے دوران 2،رواں سال 10 مصدقہ مریض،سپرے،سرویلنس نہ ہوسکی
لاہور (کرائم رپورٹر )موسم کی تبدیلی کے ساتھ ڈینگی مچھروں کی افزائش میں اضافہ جاری ہے، شہر میں ڈینگی مچھروں کی بہتات ہے، رواں سال اب تک ڈینگی کے10کنفرم مریض رپورٹ ہوئے، گزشتہ ایک ہفتے کے دوران شہر میں ڈینگی کے2مصدقہ مریض رپورٹ ہوئے۔ شہر میں ڈینگی کے مشتبہ مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ جاری ہے۔ ڈینگی سے بچائو کیلئے تاحال کوئی ڈینگی سپرے اور سرویلنس شروع نہیں ہو سکی۔ رواں سال شہر میں ڈینگی کے مریضوں میں خطرناک حد تک اضافہ ہونے کا خدشہ ہے۔ہسپتالوں میں ڈینگی کائونٹرز تاحال غیر فعال ہونے سے ڈینگی کے مریضوں کو علاج میں مشکلات کا سامنا ہے۔ دینگی کے بیشتر مریض نجی ہسپتالوں اور کلینکس پر رپورٹ ہو رہے ہیں۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ دینگی سے بچائو کیلئے شہری ڈینگی ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنائیں، گھروں میں سپرے اور لوشن کا استعمال کریں۔ رواں سال ڈینگی سے بچنے کیلئے ضروری ہے کہ ڈینگی مچھر کی افزائش کو بروقت روکا جائے،سرویلنس کو تیز اور لاروا کو ہنگامی بنیادوں پر تلف کیا جائے۔