سپیکر پختونخوا کو ہٹائے جانے کا امکان،کرپشن ثابت ہونے پر بابر سواتی کو عہدہ چھوڑنے کا کہا جائیگا ورنہ عدم اعتماد آئیگی

تحریک انصاف ، اختلاف میں شدت
 سپیکر اور اعظم سواتی میں صلح کا ٹاسک وزیراعلیٰ کو سونپ دیا گیا ، شوکت یوسفزئی علی امین گنڈا پور سے بھی ملاقات کریں گے ،جنید اکبر اور گنڈ ا پور میں صلح کی کوششیں،علی امین گنڈا پور کے بیان کی تحقیقات ہونی چاہیے: شہرام خان ترکئی 
پشاور( مانیٹرنگ ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی قیادت میں اختلافات شدت اختیار کر گئے۔سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سواتی کو عہدے سے ہٹائے جانے کا مکان ہے ،خیبرپختونخوا اسمبلی کے سپیکر بابر سلیم سواتی کے خلاف تحقیقات کے معاملے میں پیش رفت ہوئی ہے اور انہوں نے انٹرنل اکائونٹیبلیٹی کمیٹی کو اپنا جواب جمع کروادیا۔ سپیکر بابر سلیم سواتی کے خلاف بھرتیوں اور پروموشنز میں بے قاعدگیوں کے الزامات ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ کرپشن ثابت ہونے پر پارٹی اسپیکر کو عہدہ چھوڑنے کا کہے گی اور عہدہ نہ چھوڑنے پر سپیکر کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک لائی جاسکتی ہے۔ذرائع کا کہنا تھا کہ بے گناہ ثابت ہونے پر سپیکر اور اعظم سواتی میں صلح کا ٹاسک وزیراعلیٰ کو سونپ دیا گیا ہے، بیقاعدگیاں ثابت ہونے پر سپیکر کو انہیں درست کرنے اور غلط فیصلے واپس لینے کا وقت دیا جائے گا، پی ٹی آئی کے رہنما اور وکیل قاضی انور نے کہا کہ بابرسلیم نے کرپشن نہیں کی، بھرتیوں کو کرپشن نہیں کہا جاسکتا، اگربھرتیاں کرپشن ہیں توپھر سابق اسپیکر اسدقیصر کو بھی جواب دہ ہونا چاہیے اور سابق سپیکر مشتاق غنی کے دورمیں بھی اسمبلی میں بھرتیاں ہوئیں ان سے بھی جواب مانگاجائے۔ علاوہ ازیں پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی شہرام خان ترکئی نے مرکزی قیادت سے مطالبہ کیا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کے بیان کی تحقیقات ہونی چاہیے۔شہرام ترکئی کے مطابق ایسے بیانات سے بانی پی ٹی آئی کی تحریک کو نقصان پہنچیگا، ہماری توجہ بانی پی ٹی آئی اور بیگناہ قیدیویں کی رہائی پر ہونی چاہیے۔ان کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ اپنی توانائیاں امن و امان کی بحالی اور گڈ گورننس پر مرکوز رکھیں۔ پی ٹی آئی رہنما و سابق صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے پارٹی کے اندرونی اختلافات ختم ہونے چاہئیں۔پی ٹی آئی ذرائع نے کے مطابق شوکت یوسفزئی نے پارٹی کے اندرونی اختلافات ختم کرنے کیلئے کمر کس لی ہے اور ان کی اہم رہنمائوں سے ملاقاتیں بھی جاری ہیں۔ذرائع کے مطابق سابق صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی نے تحریک انصاف خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر خان سے ملاقات کی اور علی امین گنڈاپور سے اختلافات ختم کرنے کی درخواست کی۔پارٹی ذرائع کا بتانا ہے کہ شوکت یوسفزئی کی درخواست پر جنید اکبر خان نے مثبت ردعمل ظاہر کیا لیکن اس کے ساتھ ہی کچھ تحفظات سے بھی انہیں آگاہ کیا۔پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ شوکت یوسفزئی علی امین گنڈا پور سے بھی ملاقات کریں گے اور ان کو جنید اکبر خان سے اختلافات ختم کرنے پر آمادہ کرنے کی کوشش کریں گے۔