بھلائی کا زمانہ ہی نہیں رہا، دیا مرزا کا ویڈیوز ہٹائے جانے پر ردعمل

بی ایم سی نے آلودگی سے پاک دیوالی کے سلسلے میں اداکارہ کاپیغام اکائونٹ سے ہٹا دیا تھا
ممبئی (شوبز ڈیسک)بالی ووڈ اداکارہ دیا مرزا نے ممبئی میونسپل کارپوریشن  کے سوشل میڈیا اکاونٹس پر دیوالی کے موقع پر آتش بازی سے متعلق آگاہی پیغام کی اپنی ویڈیو ہٹائے جانے پر ردعمل دے دیا۔بی ایم سی نے آلودگی سے پاک دیوالی کے سلسلے میں اداکارہ دیا مرزا کا آتش بازی سے متعلق آگاہی ویڈیو پیغام اپنے سوشل میڈیا اکاونٹ سے ہٹا دیا تھا۔ویڈیو پیغام میں اداکارہ دیا مرزا نے شہریوں سے آتش بازی سے پرہیز کرنے اور  ہائی کورٹ کی ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل کی تھی۔ تاہم ممبئی بی جے پی کے صدر امیت ساتم کے اعتراض کے بعد بی ایم سی نے اس ویڈیو کو اپنے سوشل میڈیا اکائونٹس سے ہٹا دیا۔امیت ساتم نے اعتراض ظاہر کرتے ہوئے لکھا کہ ہمیں دیا مرزا سے یہ سیکھنے کی ضرورت نہیں ہے کہ دیوالی کیسے منائی جائے۔ ہماری روایات ہماری ثقافت میں گہری جڑی ہوئی ہیں۔اس تنازع کے بعد دیا مرزا نے اپنے سوشل میڈیا اکائونٹ پر اپنا موقف واضح کرتے ہوئے لکھا کہ کوئی پیسے نہیں لیے ہیں۔ بھلائی کا زمانہ ہی نہیں رہا۔