پشاور (آئی این پی)کرک سے تعلق رکھنے والے سینئر سیاستدان اور سابق صوبائی وزیر ملک قاسم خان طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے ۔خاندانی ذرائع کے مطابق ملک قاسم کچھ عرصے سے گردوں کے مرض میں مبتلا تھے، اور ایک ہفتے سے اسلام آباد کے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے۔ ان کی وفات کی خبر سے پورے علاقے میں غم کی لہر دوڑ گئی۔واضح رہے کہ ملک قاسم خٹک کا تعلق ضلع کرک سے تھا، انہوں نے سیاست کے میدان میں اہم کردار ادا کیا۔ وہ دو مرتبہ صوبائی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اور ضلع کرک کے نائب ناظم بھی رہ چکے تھے۔ان کی سیاست کا آغاز 2008 میں جمعیت علما اسلام (ف ) کے ٹکٹ سے صوبائی اسمبلی کی نشست کیلئے انتخابی میدان میں ہونے سے ہوا۔ 2013 کے عام انتخابات میں انہوں نے آزاد حیثیت سے انتخابات میں حصہ لیا، اور بعد ازاں پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہو گئے۔ملک قاسم خٹک نے خیبر پختونخوا اسمبلی میں وزیر اعلی کے مشیر برائے جیل خانہ جات کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔