ایرانی میڈیا کے مطابق روس نے ایران کو ایک ارب ڈالر کا قرض فراہم کرنے کی تیاریوں کو حتمی شکل دے دی ہے، جبکہ رقم کی منتقلی بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات موصول ہونے کے بعد کی جائے گی۔
ایران کی نیم سرکاری فارس نیوز ایجنسی کے مطابق قرض کی ادائیگی کا عمل مکمل ہوچکا ہے اور تہران کی جانب سے مطلوبہ بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات فراہم کیے جانے کے بعد رقم منتقلی کے لیے تیار ہے۔ تاہم ایرانی حکومتی اداروں کے درمیان قرض کی رقم کے استعمال کے معاملے پر اختلاف رائے پایا جاتا ہے۔فارس نیوز کے مطابق اس قرض کی پہلی بار جون میں اطلاع سامنے آئی تھی اور اسے ایران کے لیے روس کی جانب سے فراہم کیے جانے والے 20 ارب ڈالر کے قرض کی پہلی قسط قرار دیا گیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق ایران کی پلاننگ اینڈ بجٹ آرگنائزیشن قرض کی رقم گاڑیوں کی درآمد کے لیے استعمال کرنا چاہتی ہے، جبکہ وزارتِ تیل تیل کی صنعت کے لیے ضروری آلات کی خریداری اور وزارتِ زراعت ضروری سامان کی درآمد کے لیے فنڈز مختص کرنے کی خواہاں ہے۔فارس نیوز کا کہنا ہے کہ رقم کے استعمال سے متعلق تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوسکا، جس کے باعث حکومت نے منتقلی کے لیے درکار بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات بھی فی الحال فراہم نہیں کیں۔