پاکستان کو عالمی بینک سے 40 ارب ڈالر قرض ملنے کا امکان

پاکستان کو عالمی بینک سے 40 ارب ڈالر قرض ملنے کا امکان

عالمی بینک نے پاکستان کے لیے 2025 سے 2035 تک کے عرصے میں 20 ارب ڈالر کے قرضے کی منظوری دی ہے۔

 یہ قرضہ "کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک 2025-35" کے تحت فراہم کیا جائے گا، جس کا مقصد صحت، تعلیم، اور موسمیاتی تبدیلی جیسے اہم شعبوں میں بہتری لانا ہے۔اس فریم ورک کے تحت، عالمی بینک کے رعایتی قرضہ دینے والے ونگ، انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ ایسوسی ایشن (IDA)، سے 14 ارب ڈالر اور انٹرنیشنل بینک برائے تعمیر نو اور ترقی (IBRD) سے 6 ارب ڈالر فراہم کیے جائیں گے۔ مزید برآں، عالمی بینک کے دو ذیلی ادارے، انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (IFC) اور ملٹی لیٹرل انویسٹمنٹ گارنٹی ایجنسی (MIGA)، نجی شعبے کے لیے مزید 20 ارب ڈالر کے قرضوں کے حصول میں معاونت کریں گے، جس سے مجموعی پیکیج 40 ارب ڈالر تک پہنچ جائے گا۔

یہ 10 سالہ پروگرام پاکستان میں سیاسی تبدیلیوں کے باوجود تسلسل کے ساتھ جاری رہے گا اور اس کے تحت منصوبوں کو سیاسی تبدیلیوں سے محفوظ رکھا جائے گا۔ عالمی بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز سے اس فریم ورک کی منظوری 14 جنوری 2025 کو متوقع ہے، جس کے بعد عالمی بینک کے نائب صدر مارٹن ریسر کا اسلام آباد کا دورہ بھی متوقع ہے۔