لبنان کی جوڈیشل انتظامیہ نے لیبیا کے مرحوم رہنما معمر قذافی کے صاحبزادے ہانیبال قذافی کو ایک ارب ڈالر کی ضمانت جمع کروانے کے بعد سفری پابندیوں کے ساتھ رہا کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
ہانیبال قذافی کو 2015 میں شام سے اغوا کرکے لبنان لایا گیا تھا جہاں بعد میں لبنانی حکام نے ان کی گرفتاری عمل میں لائی۔ہانیبال قذافی پر لبنانی شیعہ برادری کی جانب سے الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے 1978 میں شیعہ عالم اور اس وقت کی امل تحریک کے رہنما موسیٰ الصدر کی گمشدگی کے بارے میں معلومات چھپائیں۔ اس وقت ہانیبال قذافی نو عمر تھے۔ شیعہ برادری کا کہنا ہے کہ لیبیا کے سابق رہنما کرنل قذافی نے موسیٰ الصدر اور ان کے دو ساتھیوں کو طرابلس کے دورے کے دوران اغوا کروایا تھا، جبکہ لیبیا کی حکومت کا موقف ہے کہ یہ تینوں شخصیات لیبیا میں موجود نہیں بلکہ اٹلی جا چکی ہیں۔عدالت نے ہانیبال قذافی کو ایک ارب ڈالر کی ضمانت جمع کروانے کے بعد سفری پابندیوں کے ساتھ رہا کرنے کا حکم دیا ہے، جس کے نتیجے میں وہ ممکنہ طور پر بیرون ملک سفر کر سکیں گے۔