اسٹیبلشمنٹ کا کارندہ ٹی وی پر بیٹھ کر کہتا ہے میں ناسمجھ ہوں، اپنے عوام کیساتھ کھڑا ہونا ناسمجھی ہے تو میں یہ ناسمجھی بار بار کروں گا ‘کسی کے سامنے سر نہیں جھکائیں گے
فوج ملک میں امن و امان کے علاوہ باقی تمام کام کر رہی ہے‘ خیبرپختونخواہ میں دوبارہ دہشت گردی مسلط کرنا ایک سوچا سمجھا منصوبہ ہے:وزیراعلی کا خطاب
کرک (یواین پی‘مانیٹرنگ ڈیسک) خیبرپختونخواہ کے وزیرِاعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے اصولوں پر کاربند رہتے ہوئے کسی کے سامنے سر نہیں جھکائیں گے، عمران خان اس وقت عوام کے لیے جیل میں صعوبتیں برداشت کر رہے ہیں اور وہ حقیقی آزادی کی یہ جنگ آخری دم تک لڑیں گے۔کرک میں لانگ مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا اسٹیبلشمنٹ کا کارندہ ٹی وی پر بیٹھ کر کہتا ہے کہ میں ناسمجھ ہوں، اگر اپنی عوام کے ساتھ کھڑا ہونا ناسمجھی ہے تو میں یہ ناسمجھی بار بار کروں گا، اور اگر ملک سے محبت ناسمجھی کہلاتی ہے تو وہ ایسی نام نہاد سمجھداری پر لعنت بھیجتے ہیں، جو جس ادارے کا کام ہے وہ نہیں کر رہا، عدالتیں انصاف نہیں کر رہیں، پولیس ذاتی نوکر بنی ہوئی ہے، فوج ملک میں امن و امان کے علاوہ باقی تمام کام کر رہی ہے۔سہیل آفریدی نے واضح کیا کہ ملک کے لیے جانیں قربان کرنے والے فوجی جوان ہمارے وجود کا اٹوٹ حصہ ہیں، لیکن ہم ہر اس پالیسی سے باغی ہیں جو عوام کے مفاد میں نہ ہو، کیونکہ وہ پورے ملک میں اس فرسودہ سسٹم کے خلاف شدید نفرت دیکھ رہے ہیں اور حکومت کو ہر حال میں ان کے جمہوری مطالبات ماننا ہوں گے، ہم نے پہلے ہی خبردار کیا تھا کہ دہشت گردوں کو دوبارہ آباد نہ کیا جائے، ورنہ خیبرپختونخواہ ایک بار پھر لہولہان ہوگا، آج حالات قابو سے باہر ہوئے تو ایک بار پھر خیبرپختونخواہ حکومت پر ملٹری آپریشن کے لیے دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔انہوں نے خبردار کیا خیبرپختونخواہ میں دوبارہ دہشت گردی مسلط کرنا ایک سوچا سمجھا منصوبہ ہے جس کے نتیجے میں خون بہے گا، لوگ بے گھر ہوں گے، کاروباری مراکز تباہ ہوں گے‘سہیل آفریدی نے کہا کہ یہ ٹیسٹ میچ ہے، دو دن بعد اسے ٹی ٹوئنٹی میچ بنائیں گے، یہ جنگ صرف پشتونوں کی نہیں پورے پاکستان کی جنگ ہے۔