لانگ مارچ کا مقصد بانی پی ٹی آئی کی رہائی نہیں، ان تک رسائی ہے،سہیل آفریدی

 لانگ مارچ کو خود لیڈ کرونگا ، یہ ون ڈے ایونٹ نہیں ہوگا، اسلام آباد آکر واپس نہیں جائیں گے،، علیمہ خان بھی تحریک میں ساتھ ہوں گی 
 پیپلزپارٹی اگر اپوزیشن اتحاد کا حصہ بن جائے توان کے ساتھ کام کرنے کو تیار ہیں،لانگ مارچ میں شرکت کیلئے جے یوآئی ف سے بات ہورہی ہے 
پشاور(آئی این پی )وزیراعلی خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہاہے کہ پی ٹی آئی کی لانگ مارچ کا مقصد بانی کی رہائی نہیں بلکہ ان تک رسائی ہے، 27 ستمبر کی لانگ مارچ کوخود لیڈ کر وں گا، یہ ون ڈے ایونٹ نہیں ہوگا، اسلام آباد آکر واپس نہیں جائیں گے۔ایک انٹرویو میں وزیراعلی خیبرپختونخوا نے کہا کہ لانگ مارچ کا اعلان پی ٹی آئی اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کے رہنمائوں سے مشاورت کے بعد کیا ہے جبکہ علیمہ خان بھی تحریک میں ساتھ ہوں گی۔ انہوں نے لانگ مارچ کا مقصد واضح کرتے ہوئے بتایا کہ پی ٹی آئی کی لانگ مارچ کا مقصد بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی نہیں بلکہ ان تک رسائی ہے، رہائی آئین و قانون کے مطابق ہوگی۔ لانگ مارچکیلئے ڈیڑھ ماہ بعد کی تاریخ دینے کے سوال پر سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ موسم اور تیاری کیلئے مناسب وقت ملنے کی وجہ سے 27 ستمبر کی تاریخ دی گئی ہے۔انہوں نے کہا اس وقت ملک میں جو حالات ہیں وہ ماضی کے مقابلے میں بہت مختلف ہیں۔حکومت کے اتحادی آپس میں لڑ رہے ہیں، ہمارے نوجوان بھی پوری طرح تیار ہیں۔میں اس تحریک کو خود لیڈ کروں گا، سب سے آگے میں ہوگا اور تمام رکاوٹیں خود عبور کروں گا۔ اس تحریک میں عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان بھی ہمارے ساتھ ہوں گی۔ پیپلزپارٹی اگر اپوزیشن اتحاد کا حصہ بن جائے توان کے ساتھ کام کرنے کو تیار ہیں۔لانگ مارچ میں شرکت کیلئے جے یوآئی ف سے بات ہورہی ہے۔انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کے معاملے پر غور کرسکتے ہیں لیکن موجودہ حکومت کے پاس صوبے بنانے کا مینڈیٹ نہیں ہے۔