رواں سال کا پہلا سپر مون 7 اکتوبر 2025 کو پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم (PST) کے مطابق رات 8 بج کر 47 منٹ پر نظر آئے گا۔
سپارکو کے ترجمان کے مطابق یہ سپر مون زمین سے تقریباً 224,599 میل کے فاصلے پر ہوگا، جو اوسط پورے چاند سے 6.6 فیصد بڑا اور 13 فیصد زیادہ روشن ہوگا۔سپارکو کے مطابق اکتوبر کے سپر مون کے دوران چاند سیارہ زحل کے قریب دکھائی دے گا، جو رات کے آسمان میں ایک دلکش منظر پیش کرے گا۔ اس کے بعد رواں سال کے دو مزید سپر مونز 5 نومبر اور 5 دسمبر کو نظر آئیں گے، جن میں نومبر کا سپر مون سب سے روشن ہوگا جب چاند زمین سے 221,817 میل کے فاصلے پر ہوگا۔
سپر مون اس وقت ہوتا ہے جب چاند اپنے بیضوی مدار میں زمین کے قریب ترین نقطے پر پہنچتا ہے، جس کی وجہ سے یہ عام پورے چاند کے مقابلے میں تقریباً 14 فیصد بڑا اور 30 فیصد زیادہ روشن دکھائی دیتا ہے۔ یہ مظاہر نہ صرف پاکستان میں بلکہ دنیا کے دیگر حصوں میں بھی نظر آئیں گے۔