ایف بی آر خود سی پیک اتھارٹی کا آڈٹ نہیں کر سکتا کیونکہ یہ رجسٹرڈ نہیں
آڈٹ کا عمل سی پیک آڈٹ ڈائریکٹوریٹ کے ذریعے انجام دیا جائے،مراسلہ
اسلام آباد (خصوصی رپورٹ)ایف بی آر نے سی پیک آڈٹ ڈائریکٹوریٹ کے ذریعے سی پیک اتھارٹی کا آڈٹ کرانے کی تجویز دی ہے۔ اس سلسلے میں ایف بی آر کی جانب سے آڈیٹر جنرل آف پاکستان کو ایک باضابطہ مراسلہ ارسال کیا گیا ہے جس میں کہا گیا کہ آڈیٹر جنرل کے ماتحت سی پیک آڈٹ ڈائریکٹوریٹ پہلے سے قائم ہے، اس لیے سی پیک اتھارٹی کے انکم ٹیکس، سیلز ٹیکس اور کسٹم ڈیوٹی آڈٹ کا معاملہ اسی ڈائریکٹوریٹ کو بھیجا جائے۔ایف بی آر کے مطابق سی پیک آڈٹ ڈائریکٹوریٹ کو خصوصی طور پر سی پیک اتھارٹی کے مالی معاملات کی جانچ اور آڈٹ کے لیے قائم کیا گیا تھا۔ مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ ایف بی آر نے خود سی پیک اتھارٹی کا انکم ٹیکس، سیلز ٹیکس اور کسٹم ڈیوٹی آڈٹ کرنے سے انکار کر دیا کیونکہ یہ ادارہ ایف بی آر میں رجسٹرڈ نہیں ۔ایف بی آر نے مئوقف اختیار کیا ہے کہ قانون کے مطابق ادارہ صرف انہی تنظیموں یا اداروں کا ٹیکس آڈٹ کرنے کا مجاز ہے جو ایف بی آر کے ساتھ رجسٹرڈ ہوں۔ ریکارڈ کے مطابق سی پیک اتھارٹی ایف بی آر میں رجسٹرڈ نہیں، لہٰذا اس کی آمدنی اور ٹیکس سے متعلق معاملات کا آڈٹ ایف بی آر کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا۔مراسلے میں مزید کہا گیا کہ سی پیک اتھارٹی کی آمدنی اور ٹیکس آڈٹ کا عمل ڈائریکٹوریٹ سی پیک آڈٹ کے ذریعے انجام دیا جائے تاکہ قواعد کے مطابق شفاف جانچ ممکن ہو سکے۔