لاہور( کرائم رپورٹر) وفاقی حکومت نے لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کے تمام شعبہ جات کا مکمل آڈٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں آڈیٹر جنرل پاکستان نے مختلف شعبہ جات سے ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔ذرائع کے مطابق لیسکو نے تمام شعبہ جات کے سربراہان کو ریکارڈ فراہمی کے لیے مراسلہ جاری کر دیا ہے۔ آڈیٹر جنرل نے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے تمام اجلاسوں کی تفصیلات اور گزشتہ سال میں منظور و استعمال شدہ بجٹ کا ریکارڈ بھی طلب کیا ہے۔مزید براں، بجلی کے بلوں کی مد میں بقایاجات، عدالتوں میں زیر سماعت کیسز سے متعلق متنازعہ بلوں کی رقوم، ایک سال میں خراب میٹرز کی تبدیلی اور ری کنکشن کی دستاویزات بھی مانگی گئی ہیں۔ذرائع کے مطابق آڈیٹر جنرل نے ملٹی ٹیرف کی بنیاد پر نیپرا سے منظور شدہ درخواستوں کا ریکارڈ بھی فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔