دبئی: ایمریٹس ایئرلائن کے بعد فلائی دبئی نے بھی پاور بینک کے استعمال اور لے جانے سے متعلق نئی پابندیاں عائد کر دی ہیں۔
یہ پابندیاں یکم اکتوبر 2025 سے مؤثر ہوں گی۔ایئرلائن کے مطابق مسافروں کو فی شخص صرف ایک پاور بینک اپنے ہینڈ بیگ میں لے جانے کی اجازت ہوگی، بشرطیکہ اس کی واٹ آور ریٹنگ 100Wh یا اس سے کم ہو اور یہ تفصیل ڈیوائس پر واضح طور پر درج ہو۔اس سے زیادہ واٹ آور ریٹنگ والے پاور بینک یا ڈیوائسز سختی سے ممنوع ہوں گے۔فلائی دبئی نے واضح کیا ہے کہ پرواز کے دوران پاور بینک کا استعمال یا اسے جہاز کے پاور ساکٹ سے چارج کرنا بھی سختی سے منع ہے۔یہ اقدام اس وقت سامنے آیا ہے جب متحدہ عرب امارات کی فضائی کمپنیوں نے لیتھیم بیٹریوں سے جڑے حفاظتی خطرات کے باعث قوانین کو مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ماہرین کے مطابق حالیہ برسوں میں پاور بینک کے استعمال سے پروازوں کے دوران لیتھیم آئن بیٹریوں کے حادثات میں اضافہ ہوا ہے۔ان بیٹریوں کے زیادہ گرم یا خراب ہونے سے "تھرمل رن وے" کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے، جس میں بیٹری کے اندر درجہ حرارت بے قابو حد تک بڑھ جاتا ہے اور آگ، دھماکے یا زہریلی گیسوں کے اخراج جیسے خطرناک نتائج سامنے آ سکتے ہیں۔
ایوی ایشن انڈسٹری کے مطابق یہ نئی پابندیاں مسافروں اور عملے کی محفوظ فضائی سفر کو یقینی بنانے کے لیے عائد کی جا رہی ہیں۔