معلمِ اعظمؐ پر کروڑوں درود، استاد کی عظمت کا اعتراف ایک دن میں ممکن نہیں، مریم نواز

 ایک اچھا استاد صرف علم نہیں دیتا بلکہ معاشرتی اقدار اور روایات سے بھی روشناس کراتا ہے،محنت اور لگن ہی وہ طاقت ہے جو معاشرے میں مثبت تبدیلی کی بنیاد رکھتی ہے
 کمشنرز ، ڈپٹی کمشنرز  ہسپتالوں کے دورے، روٹی کے نرخ نامے پر عملدرآمد یقینی بنا ئیں،آوارہ کتوں کے کاٹنے سے شہریوں ، بچوں کا زخمی ہونا ناقابل برداشت ہے:وزیراعلیٰ
 لاکھوں اساتذہ کی محنت اور لگن ہی وہ طاقت ہے جو معاشرے میں مثبت تبدیلی کی بنیاد رکھتی ہے،استاد کی عظمت لازوال اور بے مثال ، کیونکہ اساتذہ معاشرے کا سب سے معتبر اور قابلِ احترام طبقہ ہیں،پیغام
 لاہور(سپیشل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ معلمِ اعظم حضرت محمد ؐ پر کروڑوں درود و سلام بھیجتے ہیں، استاد کی عظمت کا اعتراف کرنے کے لیے ایک دن ہرگز کافی نہیں۔ انہوں نے اساتذہ کرام کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ استاد کی عظمت لازوال اور بے مثال ہے، کیونکہ اساتذہ معاشرے کا سب سے معتبر اور قابلِ احترام طبقہ ہیں۔۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے لاکھوں اساتذہ کرام کی محنت اور لگن ہی وہ طاقت ہے جو معاشرے میں مثبت تبدیلی کی بنیاد رکھتی ہے۔ وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے مختلف علاقوں میں آوارہ کتوں کے کاٹنے کے واقعات پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا ہے کہ آوارہ کتوں کے کاٹنے سے شہریوں اور بچوں کا زخمی ہونا ناقابل برداشت ہے، یہ واقعات بار بار کیوں رونما ہو رہے ہیں توجہ دی جائے۔مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس میں کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔انہوں نے الیکٹرو بس کیلئے ہر اسٹاپ پر مخصوص بس اسٹینڈ قائم کرنے اور ڈپٹی کمشنرز کو فلڈ سروے کی مانیٹرنگ کی ہدایت کرتے ہوئے شفاف اور مستند ڈیٹا کی ضرورت پر زور دیا۔اجلاس میں سرکاری اسکولوں کے سامنے سڑکوں پر زیبرا کراسنگ یقینی بنانے اور روڈز پر نجی اور سرکاری اسکولوں سے پہلے رفتار کم کرنے کے بورڈز نصب کرنے کی ہدایات بھی دی گئیں۔