نواز شریف کینسر ہسپتال ،تکمیل کیلئے 12 ماہ کا ہدف

 ہر شہر میں کارڈیالوجی، نیورولوجی، ڈائیلسز سنٹرز بنانا چاہتے ہیں :سلمان رفیق 
لاہور ( کرائم رپورٹر ) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ کی سائٹ کا دورہ کیا۔خواجہ سلمان رفیق نے نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ کی سائٹ پر جاری پیش رفت کا جائزہ لیا اور افسران سے ماسٹر پلان پر بریفنگ لی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ سنٹرپاکستان کا پہلا مکمل سرکاری کینسر ہسپتال ہوگا۔ کینسر کے لیول تھری اور لیول فور مریضوں کا بھی انشا اللہ مفت علاج ہوگا۔ خواجہ سلمان رفیق نے آئی ڈیپ کو نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ پراجیکٹ سال میں فنکشنل کرنے کی ہدایت کی۔کینسر ہسپتال کے پہلے فیز کی تکمیل کیلئے بارہ ماہ کا ہدف دے دیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف پہلے ہی سرکاری بون میرو ٹرانسپلانٹ کا بھی اعلان کر چکی ہیں۔ ہر شہر میں کارڈیالوجی، نیورولوجی، پیڈز اور ڈائیلسز سنٹرز بنانا چاہتے ہیں۔کینسر کے کسی مریض کو علاج سے انکار نہیں ہوگا۔