بیوٹیفکیشن پلان کی تکمیل کیلئے فروری سے مئی تک کا ہدف مقرر ہر شہر کو خوبصورت بنانا خواب ہے، ہر کونے کو صاف ستھرا اور دلکش بنایا جائیگا مریم نواز

کھلے مین ہول،ٹوٹی سڑکیں، گندگی، کوڑے کے ڈھیر، ٹوٹی ہوئی گرین بیلٹ اور خراب پینٹ پر کارروائی ہوگی،تجاوزات نظر آنے پر اسسٹنٹ کمشنر کو وارننگ دی جائے گی
 ہرشہر میں واٹر فیچر‘فوارے، مصنوعی آبشاریں، تیزی سے بڑھنے والے پودے اور سبزہ شامل کرنے کی ہدایت ،فٹ پاتھ پر روایتی گرے ٹائلز کی بجائے خوبصورت کلرٹائل لگانے کا حکم
 گوجرانوالہ کو نئی شکل دینے، چکوال کے چھپڑ بازار کا نام تبدیل کرنے  کی ہدایت، گجرات شہر کی اپ لفٹنگ کا پلان تین روز میں طلب‘منچن  آباد اور چشتیاں کے بیوٹیفکیشن پلان کو ری ڈیزائن کرنے کی ہدایت
لاہور (سپیشل رپورٹر)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں ہر شہر کے بیوٹیفکیشن پلان کی تفصیلات اور تصویری جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے بیوٹیفکیشن پلان فیز ون کی تکمیل کے لئے فروری سے مئی تک کاہدف مقرر کر دیا۔ اجلاس میں ہر ضلع، ہر تحصیل اور ہر شہر کے بیوٹیفکیشن پلان پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب کے 39اضلاع میں 132بیوٹیفکیشن سکیمیں 16ارب 90 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل ہوں گی۔ 97 بیوٹیفکیشن سکیموں کے ورک آڈر جاری،88 بیوٹیفکیشن پراجیکٹ شروع ہوگے۔ لاہور میں بیوٹیفکیشن کے 18، سرگودھا میں 6، بہاولپور میں 16، گوجرانوالہ میں 12 پراجیکٹ شروع کیے جائیں گے۔ راولپنڈی کے 17، فیصل آباد کے 13، ملتان 8 اور ساہیوال میں 24 بیوٹیفکیشن پراجیکٹ مکمل کیے جائیں گے۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ پنجاب کے بھر کے 33اضلاع میں بیوٹیفکیشن پراجیکٹ پر تیزی سے کام جاری ہے۔ بیوٹیفکیشن پراجیکٹ میں قدیمی دروازوں کی بحالی کے کام کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ ہر بازار میں فائبر گلاس اور ٹین سائل کور لگائے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہرشہر کے بیوٹیفکیشن پلان میں واٹر فیچر/فوارے، مصنوعی آبشارے شامل کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے مرکزی بازاروں میں روڈ کے درمیان خوبصورت گرین بیلٹ بنانے کا حکم دیا اور بیوٹیفکیشن پلان میں تیزی سے بڑھنے والے پودے اور سبزہ شامل کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے فٹ پاتھ پر روایتی گرے ٹائلز کی بجائے خوبصورت کلرٹائل لگانے کا حکم بھی دیا۔ اجلاس میں بیوٹیفکیشن پراجیکٹ کے لئے ڈیش بورڈ بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوا زشریف نے بیوٹیفکیشن ڈیش بورڈ کور وزانہ کی بنیاد پر اپ ڈیٹ کرنے کی ہدایت بھی کی۔ اجلاس میں ڈی سی کی طرح اسسٹنٹ کمشنروں کے بھی کے پی آئیز مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس سے کارکردگی مانیٹرنگ کی جائے گی۔ کھلے مین ہول،ٹوٹی سڑکیں، گندگی، کوڑے کے ڈھیر، ٹوٹی ہوئی گرین بیلٹ اور خراب (کلر)پینٹ پرذمہ داران کے خلاف کارروائی ہوگی۔ شہروں میں تجاوزات نظر آنے پر اسسٹنٹ کمشنر کو وارننگ دی جائیگی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ شہروں کی بیوٹیفکیشن کا عمل جاری رہے گا۔ ہر ضلع،شہر اور قصبے کو اینڈ ٹو اینڈ(مکمل) بیوٹی فائی کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ کوئی ایک بازار نہیں، شہر کے ہرہرکونے کو صاف ستھرا نظر آنا چاہیے۔ بیوٹیفکیشن پراجیکٹ اور اپ گریڈیشن کے دوران عوام کی سہولت کا خیال رکھا جائے،کوئی تکلیف نہیں ہونی چاہیے۔