ڈرائیونگ کورس مکمل کرنے والی خواتین میں سکوٹیز تقسیم

 فری ڈرائیونگ کورس اور لائسنس جاری ،پاس آوٹ خواتین خود مختار ہوں گی
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور ٹریفک پولیس، آل پاکستان ویمن ایسوسی ایشن اور اپوا کالج کی جانب سے آبشار ڈرائیونگ سکول میں ڈرائیونگ کورس مکمل کرنے والی خواتین میں سکوٹیز تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی۔تقریب میں سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر، آل پاکستان ویمن ایسوسی ایشن کی ممبر عزہ اطہر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ترجمان سٹی ٹریفک پولیس کے مطابق ضرورت مند خواتین کی گرین فیوچر فیلو شپ ڈرائیو فار چینج کے نام سے فیلوشپ مکمل ہے۔گرین فیلوشپ کے تحت ڈرائیونگ کورس مکمل کرنے والی خواتین میں زیر انٹرسٹ پر بھی سکوٹیز تقسیم کی گئی ہیں۔سی ٹی اولاہور عمارہ اطہر نے کہا کہ ٹریفک پولیس کی طرف سے خواتین کو فری ڈرائیونگ کورس اور لائسنس جاری کئے گئے ہیں،پاس آوٹ ہونے والی خواتین خود مختار ہوں گی۔لاہور ٹریفک پولیس، اپوا کالج اور آل پاکستان ویمن ایسوسی ایشن ایسی خواتین کے روزگار میں بھی مکمل تعاون کرے گی، خواتین بااختیار ہوں گی تومعاشرے میں واضح تبدیلی آئے گی۔ سی ٹی او لاہور نے کہا کہ گرین فیوچر فیلوشپ ڈرائیو فار چینج،ویمن آن ویلز پراجیکٹ اور رائیڈ فار چینج پروگرامز کا مقصد خواتین کو خود مختار بنانا ہے، معاشرتی اورسماجی ترقی کے لئے مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین کا کرداربہت اہمیت کا حامل ہے۔اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ سعدیہ تیمور، چیئرپرسن اپوا کالج سمیعہ زاہد، سی ای او درشہوار، ایس پی شہزاد خان نے بھی شرکت کی۔